اکشے کمار نےگوہر خان سے پیچیدہ سوال کر کے انہیں کشمکش میں ڈال دیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ گوہر خان سے پیچیدہ سوال کر کے انہیں کشمکش میں ڈال دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ماضی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں اکشے کمار کو اداکارہ گوہر خان سے سوال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ وائرل کلپ 2002ء میں منعقد ہونے والے ’فیمینا مس انڈیا‘ کا ہے جس میں گوہر خان نے بطور امیدوار شرکت کی تھی جبکہ اکشے کمار اس شو کی جیوری میں شامل تھے۔

دورانِ شو اکشے کمار نے امیدوار گوہر خان سے سوال کیا کہ کہا جاتا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تو پھر ناکام مرد کے پیچھے کس کا ہاتھ ہوتا ہے؟

اکشے کمار کے اس مشکل سوال پر گوہر خان نے کچھ دیر سوچنے کے بعد حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل درست کہاوت ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، لیکن میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ہر فردِ واحد اپنی ناکامی کا ذمے دار خود ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیونکہ ہر ایک کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ صحیح اور غلط کا فیصلہ کر سکے، زندگی ان ہی مشکل فیصلوں سے بھرپور اور انحصار کرتی ہے، اس لیے صحیح فیصلے کا انتخاب کریں۔

گوہر خان کی حاضر دماغی اور ان کی ذہانت نے پروگرام کے شرکاء کے دل جیت لیے اور ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔

خیال رہے کہ فیمینا مس انڈیا 2002ء میں گوہر خان چوتھے نمبر پر آئی تھی، تاہم انہوں نے اس مقابلۂ حسن میں ’مس ٹیلنٹڈ‘ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور بالی ووڈ میں قدم جمانے کے لیے راہیں ہموار کیں۔