الامین اکیڈمی اور المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ: خالد ارشاد صوفی

گذشتہ روز درد مندی‘ خدمتِ خلق اور اللہ کی خوشنودی کے رنگوں سے سجی ایک ایقان افروز مجلس میں اللہ کے بندوں کی خدمت پر مامور دو خوش نصیب شخصیات کی خدماتِ انسانیت کا احوال سننے کا موقع ملا۔

برادرم پیر ضیاالحق نقشبندی نے اپنے ادارے الامین اکیڈمی کی طرف سے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں ظہرانے کی نشست رکھی جس میں علم و ادب‘ صحافت اور میڈیا سے وابستہ نامور شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ برادرم ضیاالحق نقشبندی ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں اور ان کی الامین اکیڈمی ایک ایسا پروجیکٹ ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ وہ الامین اکیڈمی کے تحت مستحق نوجوانوں کو صوبے اور وفاق میں اعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے لیے مقابلے کے امتحانات کی بلامعاوضہ تیاری کرواتے ہیں۔اس عظیم منصوبے میں جناب مجیب الرحمن شامی اور سہیل وڑائچ کی سرپرستی حاصل ہے

الامین اکیڈمی کی تین سالہ کارکردگی حیران کن ہے۔ اس ادارے سے امتحانات کی تیاری کرنے والوں میں سے اب تک سی ایس ایس کے 106 اور پی ایم ایس کے 56 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں۔ آگے ان کی تفصیل میں جائیں تو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) میں 21‘ آفس مینجمنٹ گروپ (OMG) میں 14‘ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس (PAAS) میں 7‘ انفارمیشن گروپ (IG) میں 5‘ ریلوے کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹ گروپ (RCTG) میں 3‘ کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ (CTG) میں 5‘ انکم ٹیکس گروپ (IRS) میں 17‘ پولیس سروس آف پاکستان (PSP) میں 16‘ پوسٹل گروپ (POSTG) میں 5‘ پاکستان کسٹم سروس (PCS) میں 5‘ملٹری لینڈ اینڈکنٹونمنٹ گروپ (MLCG)میں 4‘فارن سروس آف پاکستان (FSP) میں 4 افسران ایسے خدمات سرانجام دے رہے ہیں جنہوں نے الامین اکیڈمی سے تربیت حاصل کی تھی اور جو سرخروہوئے۔ علاوہ ازیں پرونشیل مینجمنٹ سروس میں کام کرنے والے اور الامین اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے اسسٹنٹ کمشنرز کی تعداد 56 ہے۔

اس مجلس میں تمام شرکا نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے مختلف منصوبوں پر اظہارِ خیال کیا

اور جناب عبدالرزاق ساجد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد برطانیہ میں مقیم ہیں مگر ان کا دل اور روح پاکستان میں بستے ہیں۔ ان کا آبائی تعلق میاں چنوں کے نواحی قصبہ موضع میرپور سے ہے۔ انہوں نے زمانہ طالب علمی میں انجمن طلبا اسلام کے مرکزی صدر کی حیثیت سے بطور سٹوڈنٹ لیڈر ملکی سطح پر شناخت بنائی۔ بعد ازاں بیرونِ ملک چلے گئے اور یہاں ضرورت مند پاکستانیوں کی خدمت کے لیے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی بنیاد رکھی۔

عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اس ادارے یا تنظیم کا آغاز 2006ء میں کیا تھا،پھر اللہ نے ان کے کام میں برکت ڈالی اور بہت محدود وقت میں ان کے ادارے کے زیرِ اہتمام مختلف منصوبوں سے لاکھوں لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ دنیا کے 24 ممالک میں مؤثر نیٹ ورک اور متحرک ٹیم کے ساتھ رنگ‘ نسل‘ مذہب‘ علاقے اور فرقے کی تفریق اور امتیاز سے بالاتر ہو کر لاچار اور بیمار، بے بس اور بے کس خلقِ خدا کی بے لوث خدمت کے لیے سرگرم عمل ایک عالمی فلاحی تنظیم ہے۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی خدمات کی فہرست طویل ہے۔

تفصیل میں جائیں تو دس کالم بھی کم پڑ جائیں۔ کالم کی محدود گنجائش کے مطابق ٹرسٹ کی خدمات کی ایک جھلک ہی پیش کی جا سکتی ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ (انٹرنیشنل) کے زیر اہتمام پچھلے کئی برسوں سے’’روشنی سب کے لیے“ کے سلوگن کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا، گیمبیا، سری لنکا، یمن، شام، انڈونیشیا، ملاوی، نائیجیریا، افغانستان، عراق اور برما سمیت مختلف غریب خطوں اور ملکوں میں فری آئی کیمپس لگانے کا سلسلہ تسلسل، باقاعدگی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ان فری آئی کیمپوں میں آپریشن سے پہلے ہر مریض کے بلڈ پریشر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں اور مریضوں کو المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے عینکیں، لینز، ادویات اور کھانا بھی مفت پیش کیا جاتا ہے۔

المصطفیٰ آئی ہسپتال: ٹرسٹ نے مزنگ روڈ پر ایک نہایت شاندارالمصطفیٰ آئی ہسپتال قائم کیا ہے۔ المصطفیٰ کے اس سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں پرچی سے آپریشن تک تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ساڑھے تین سال کے مختصر عرصے میں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں سفید موتیا کے بارہ ہزار آپریشن مفت کیے جا چکے ہیں۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے لاہور کے بعد ضلع اٹک کی تحصیل حضرو کے گاؤں خورہ خیل میں بھی المصطفیٰ ہسپتال کا آغاز کر دیا ہے جبکہ آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کے شہر ڈڈیال میں بھی المصطفیٰ آئی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جس کی جلد تکمیل کی پروردگار عالم سے دعا کی جا رہی ہے۔المصطفیٰ ویلفیئرٹرسٹ کے فلاح انسانیت کے حوالے سے کچھ دوسرے پروجیکٹس کی مختصر تفصیل یوں ہے:

المصطفیٰ دسترخوان:لاہورالمصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کے ساتھ کشادہ جگہ پرالمصطفیٰ دسترخوان مستحق مریضوں اور ان کے لواحقین کے علاوہ غریبوں، مزدوروں اور ضرورت مند طلباء کو دوپہر اور شام کا معیاری کھانا مفت اور عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
ونٹر ڈسٹری بیوشن:المصطفیٰ ٹرسٹ کے زیرِاہتمام ہر سال سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں، گرم کپڑے، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں۔

کلین واٹر پروجیکٹ: المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ (انٹرنیشنل) کے زیرِاہتمام مختلف پسماندہ خطوں اور ملکوں سمیت پاکستان کے صوبہ سندھ میں محرومیوں کے شکار علاقہ تھر اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کی زد میں آئے ہوئے چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ نتیجہ خیزی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

Make the World Greener پروجیکٹ کے تحت پاکستان میں پچاس ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔

پاکستان میں 2022ء کے سیلاب کے دوران المصطفیٰ ٹرسٹ کی خدمات: پاکستان میں اگست 2022ء میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی انتہائی دردناک صورت حال میں المصطفیٰ ٹرسٹ کے رضاکاروں نے پاکستان کے چاروں صوبوں میں خدمت کی نئی مثالیں قائم کیں۔

المصطفیٰ ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام صاف پانی،کفالت یتامیٰ، قربانی پراجیکٹ، اجتماعی شادیاں اور دیگر منصوبے بھی چلائے جا رہے ہیں۔