بالی ووڈ کی بہترین اداکارہ کا تاج عالیہ بھٹ اور کریتی سینان کے سر سج گیا

بالی ووڈ کی بہترین اداکارہ کا تاج مشترکہ طور پر عالیہ بھٹ اور کریتی سینان کے سر سج گیا جبکہ الو ارجن نے بہترین اداکار کا میدان مار لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی کے نیشنل میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران 69ویں نیشنل فلم ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

رواں سال پہلی بار نیشنل فلم ایوارڈز کا میلا الو ارجن ، عالیہ بھٹ اور کریتی سینان نے بالترتیب فلم پشپا: دی رائز ، گنگوبائی کاٹھیاواڑی اور ممی کے لئے لوٹ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال ’راکٹری: دی نمبی ایفیکٹ‘ کو بہترین فلم، ’آر آر آر‘ کو بیسٹ پاپولر فلم جبکہ نکھل مہاجن کو فلم ’گوداوری‘ کے لئے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔

پنکج ترپاٹھی کو ’میمی‘ کے لئے بہترین معاون اداکار، پلوی جوشی کو دی کشمیر فائلز میں اپنے کردار کے لیے بہترین معاون اداکارہ اور شریا گوشل کو بہترین خاتون پلے بیک سنگر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

تمام فنکاروں کو یہ ایوارڈز رواں برس کے آخر میں بھارتی صدر دروپدی مرمو کے ہاتھوں ایک بڑی تقریب میں دیئے جائیں گے۔