پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی گرفتاریاں جاری ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس سے تمام پی ٹی آئی ارکان کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے ایم این اے زین قریشی اور شیخ وقاص اکرم کو پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے حراست میں لیا۔

پولیس کی جانب سے ایم این اے نسیم الرحمان، شاہ احد خٹک اور ‏سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمر ایوب اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس نے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے ہیں۔ ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون مکمل سیل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے، پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔