تمام مذاہب امن،محبت اوربھائی چارےکی تعلیم دیتےہیں،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں، وزیراعظم محمدشہبازشریف کاکرسمس کےحوالہ سےمنعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دیتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے تمام حقوق حاصل ہیں، ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق ڈھالیں گے، نیشنل مینارٹی کمیشن کا ڈرافٹ بن چکا ہے، اسے جلد قانون کی شکل دیں گے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی پاسداری اور انہیں تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں کرسمس کے حوالہ سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی اور رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال کے علاوہ ہندو، سکھ، پارسی، بہائی سمیت مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے رہنما اور معززین بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم سب یہاں مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں، میں کرسمس پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں،

قیام پاکستان کی تحریک سے لے کر آج تک مسیحی کمیونٹی کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات اور قربانیاں ہیں، ہم سب دل کی گہرائیوں سے ان کی قدر کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جسٹس کارنیلیس، گروپ کیپٹن سیسل چوہدری، سسٹر رتھ فائو سمیت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی کئی نمایاں شخصیات نے بے بہا خدمات سرانجام دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دفاع اور تعلیم کے شعبہ میں مسیحی برادری کا بڑا اہم کردار ہے، میں خود بھی مسیحی سکول سے پڑھا ہوں، میڈم پال میری معلمہ تھیں، وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ نے امن، بھائی چارے، برداشت اور تحمل کا پیغام دیا، حضرت عیسیٰ کو ہم بھی نبی مانتے ہیں، تمام مذاہب اپنے اپنے دائرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی، سکھ، ہندو، پارسی سمیت تمام کمیونٹیز کو قائداعظم کے 11 اگست 1947ء کے پیغام اور آئین پاکستان کے تحت ان کے تمام آئینی و سیاسی حقوق برابر حاصل ہیں، سب کو پورا حق ہے کہ آئین کے تحت آزادی کے ساتھ کام کریں۔

وزیراعظم نے گذشتہ دہائیوں میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے بدقسمت واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے اقلیتوں کے حقوق متاثر ہوئے لیکن پھر ہم نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کیا، گذشتہ روز ہی بنوں میں عوام کو یرغمال بنانے والے دہشت گردوں کو افواج پاکستان کے سپوتوں نے جہنم واصل کیا، اس دوران ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ ہے جس کی بنیاد قائداعظم نے رکھی۔ وزیراعظم نے تقسیم سے قبل اسمبلی کے سپیکر ایس پی سنگھا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے فیصلہ کن ووٹ نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے تمام کمیونٹیز نے قربانیاں دیں، تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کے پرچارک ہیں، اسلام میں کوئی جبر نہیں، کوئی بھی مذہب دوسروں پر جبر کی تعلیم نہیں دیتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی پاسداری اور انہیں تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے، جہاں بھی امن و امان میں کوئی خلل پیدا ہو گا اور زیادتی ہو گی قانون برداشت نہیں کرے گا، ماضی میں اگر ایسے واقعات ہوئے تو ان پر افسوس ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں علامہ اقبال کے فرمودات اور قائداعظم محمد جناح کے خواب کی تعبیر بنائیں گے، آئین پاکستان اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، ہم اسے عملی جامہ پہنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن کا ڈرافٹ بن چکا ہے، اسے جلد پارلیمان میں لے کر آئیں گے اور قانون کی شکل دیں گے۔ انہوں نے مسیحی رہنما کے مطالبہ پر ایڈورڈز کالج پشاور کے معاملہ کا جائزہ لینے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت سے مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے تمام کمیونٹیز کو یقین دلایا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور امن و آشتی کے ساتھ یہاں سب رہیں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام کمیونٹیز پر مشتمل خوبصورت گلدستہ ہے، وزیراعظم حقیقی معنوں میں خادم پاکستان ہیں اور مخالفین بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں، وہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے خود یہاں موجود ہیں، تمام مذاہب اخوت، بھائی چارے اور محبت کے علمبردار ہیں،

کسی انسان پر عقیدے کے حوالہ سے کوئی پابندی نہیں ہے، ہم انتہاء پسند نہیں بلکہ ہم سب ایک اور گلدستہ کی مانند ہیں، دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاکستان میں کسی پر کوئی جبر نہیں، ہر انسان اپنا عقیدہ رکھنے میں آزاد ہے، اسلام نے ریاست کے حکمرانوں کو تمام شہریوں سے یکساں سلوک روا رکھنے اور سب کے حقوق کا تحفظ کرنے کا حکم دیا ہے اور ان میں کوئی تفریق اور امتیاز نہیں روا رکھی۔

انہوں نے وزارت کی طرف سے مختلف کمیونٹیز کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ قومی ہم آہنگی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے بھی اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، وزیراعظم ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے زبردست کاوشیں کر رہے ہیں،

ہم ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ چیئرمین اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں اپنے دن اور تہوار اپنے انداز میں مناتی ہیں اور انہیں آزادی حاصل ہے، سب کمیونٹیز مل کر مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ بشپ سرفرار پیٹر نے تقریب میں کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ وزیراعظم نے تمام کمیونٹیز کے نمائندوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔