اللّٰہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کے درمیان نکاح کو ایک عالمی قانون بنایا ہے:امام کعبہ

امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کے درمیان نکاح کو ایک عالمی قانون بنایا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں جمعہ کے خطبہ کے دوران امام کعبہ نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو درست جبلت پر ہی پیدا کیا ہے، ہم جنس پرستی انسانی فطرت کے خلاف ہے اور اس کا تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے کہا کہ شیطان بندے کے لیے یہ چاہتا ہے کہ وہ حدود الٰہی سے تجاوز کر جائے اور ناگوار کام میں مبتلا ہو جائے۔

امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے متنبہ کیا کہ آج صورت حال اس قدر بگڑ گئی ہے کہ انسان فطرت کے خلاف ٹکرا گیا ہے، مرد کو مرد اور خاتون کو خاتون کے ساتھ شادی کرنے کے قانون منظور کیے جا رہے ہیں حتیٰ کہ جانوروں کے ساتھ شادی تک کو درست کہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنسی بگاڑ اور کج روی ہے، شیطان نے انسان کے لیے ہر قسم کی فحاشی کو ترقی اور تہذیب بنا دیا ہے، اس قدر بگاڑ آگیا ہے کہ ہم جنس پرستی کی مخالفت کرنے والے کو پسماندہ اور انتہا پسند سمجھا جانے لگا ہے۔

شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے کہا کہ جبلتیں پلٹ گئیں اور انسان پاکیزگی کے مقابلے میں بے حیائی اور نیکی کے مقابلے میں برائی کا شکار ہوگئے، اخلاقی گرواٹ نے انسانیت کو حیوانیت کے گڑھے میں پھینک دیا ہے۔