امیشا پٹیل نے عمران عباس کے ساتھ شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے پاکستانی اداکار عمران عباس کے ساتھ شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 49 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران عباس کے ہمراہ شادی کی زیرِ گردش افواہوں پر بھی بات کی۔

انہوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار کے ساتھ اپنے تعلقات کی نوعیت کو واضح کیا اور زیرِ گردش قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

دورانِ انٹرویو اداکارہ سے ان کی اور عمران عباس کی وائرل ہونے والی تصاویر کے بارے میں سوال کیا گیا، جس کی وجہ سے ان کی ممکنہ شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔

امیشا پٹیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تصاویر پچھلے 2، 3 برسوں سے وائرل ہیں، کیا اب تک کوئی شادی ہوئی؟ ہم تقریبات میں ملتے ہیں، خاص طور پر بیرونِ ملک تقریبات میں، ہم اچھے دوست ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں، لوگوں کو صرف باتیں بنانے کا موقع چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر 2 اچھے لوگ ایک ساتھ نظر آ جائیں تو افواہیں شروع ہو جاتی ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ سنگل ہیں، میں بھی سنگل ہوں، اس لیے لوگوں نے ہماری شادی کی قیاس آرائیاں شروع کر دیں، جس کا تصور یا وجود ہی نہیں ہے، اسی لیے تو انہیں افواہیں کہا جاتا ہے۔