چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو پلان کرنے والے کو آج گرفتار کر لیا گیا.
ایک بیان میں عون چوہدری نے کہا کہ انتشار کی سیاست ایک سال سے چل رہی تھی، آج انتشار کی سیاست اختتام پذیر ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مکافات عمل ہے جو کریں گے آپ کے ساتھ ہو گا، 9 مئی کو وہ کچھ ہوا جو پاکستان کا دشمن ہی کر سکتا ہے، نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کیا گیا۔
عون چوہدری کا کہنا ہے کہ یوتھ کو سمجھنا چاہیے کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ضروری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کی سیاست کو گندا کر کے رکھ دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ شروعات ہے، اس کیس میں بڑے بڑے انکشافات ہوں گے، یہ لوگوں کو جھوٹے کیسز میں اندر ڈلواتے تھے، آج ان کے ساتھ انصاف ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جو ملک کی یوتھ کو ورغلائیں انہیں بے نقاب کرنا ہے، توشہ خانہ کیس میں جو کچھ ہوا ہے یہ اللّٰہ کا انصاف ہے۔
عون چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں نفرت کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کی جانب سے 3 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فیملی ذرائع کے مطابق پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سےان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیاہے۔