ومبلڈن فائنل میچز میں نامور شوبز شخصیات کے جلوے

رواں سال لندن میں ہونے والے ومبلڈن فائنل میچز دیکھنے کے لیے شوبز کی دنیا کے کئی نامور ستارے بھی کافی پر جوش نظر آئے۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کو بیٹی آئرا خان اور بیٹوں جنید اور آزاد خان کے ساتھ کارلوس الکاراز اور 7 بار کے دفاعی چیمپیئن نوواک جوکووچ کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے دوران ومبلڈن میں دیکھا گیا۔

اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا نے بھی کارلوس الکاراز اور نوواک جوکووچ کے درمیان ہونے والا ومبلڈن کا فائنل میچ دیکھا۔

بالی ووڈ کی اسٹائل کوئین ومبلڈن کے سینٹر کورٹ میں بربیری کے لیے ڈینیئل لی کے ریزورٹ 24 کلیکشن سے ہرے رنگ کا چیکرڈ ڈریس پہنے سن گلاسز لگائے بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس اور ان کے شوہر، امریکی گلوکار نک جونس نے ومبلڈن ویمنز فائنل میچ دیکھا۔

پریانکا چوپڑا سبز اور سیاہ رنگ کے خوبصورت لباس کے ساتھ سیاہ رنگ کے بوٹ پہنے بہت دلکش لگ رہی تھیں جبکہ نک جونس سفید شرٹ کے ساتھ بھورے دھاری والے سوٹ میں بہت زبردست لگ رہے تھے۔

ان کے علاوہ، ملیالم فلموں کے مشہور اداکار موہن لال نے بھی لندن میں ومبلڈن ویمینز سنگلز کا سیمی فائنل میچ دیکھا۔

ان تمام شوبز شخصیات نے ومبلڈن سے اپنی تصاویر اور سیلفیاں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کیں جنہیں ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند بھی کیا گیا۔