سانحۂ APS:سندھ کے گورنر اور نگراں وزیرِ اعلیٰ کے پیغامات جاری

سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری اور نگراں وزیرِ اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی 9 ویں برسی کے موقع پر پیغامات جاری کیے ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 16 دسمبر 2014ء ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دن دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملہ سے دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم مزید پختہ ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کا ہر فرد دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحۂ آرمی پبلک اسکول ملک کی تاریخ کا سب سے ہیبت ناک سانحہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سانحۂ آرمی پبلک اسکول میں اساتذہ اور طلباء کو شہید کیا گیا، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کی راہیں روشن ہیں، ہمارے لوگوں کے حوصلے بلند ہیں، اس طرح کے گھناؤنے اور سازشی کرداروں کو بُری طرح سے کچلا جائے گا۔