کیا مراد سعید اور یاسمین راشد ایجنسی کے بندے ہیں؟:مریم اورنگزیب

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کیا مراد سعید اور یاسمین راشد ایجنسی کے بندے ہیں؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مراد سعید اور یاسمین راشد حالات خراب کرنے کی ہدایات جاری کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی پر مبنی ہے، انہوں نے ڈی چوک پر قبریں کھودیں، سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکائے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، انہوں نے اپنے کارکنوں کو پی ٹی وی پر حملے پر شاباش دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان کو اگر سزا مل جاتی تو آج ایسے واقعات نہ ہوتے، انہوں نے عدالت سے پیغام دیا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو 9 مئی سے زیادہ ردعمل آئے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیرِ اعظم کی کرسی پر بیٹھ کر بھی یہی کام کرتے تھے، ان سے کوئی سوال کرتا تھا تو اس کی پسلیاں توڑی جاتیں، سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا جاتا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو جو انہوں نے کیا وہ کسی دہشت گرد نے بھی نہیں کیا، عمران خان نے جی ایچ کیو پر حملہ کرایا، محب وطن جماعتیں انصاف اور عدل کو بچانے کے لیے سیاسی ردعمل دیتی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ سیاسی ردعمل قوم نے کل شاہراہ دستور پر دیکھا ہے، کل کے احتجاج میں عوامی ردعمل تھا، شاہراہ دستور پر اہم عمارتیں ہیں، کسی بھی جگہ کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیرِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا۔