کیا زرداری اور بلاول میں اختلافات ہیں؟

کیا زرداری اور بلاول میں اختلافات ہیں؟ شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کو وزیر اعظم دیکھنے کی خواہش ظاہر کرنے کے کچھ ہی دیر بعد نواز شریف نے منگل کو وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کا نام دے دیا ہے۔

منگل کی شام پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق) کے سربراہوں اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا گیا، زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو ملک کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر موجود نہیں تھے جسے واضح طور پر محسوس کیا گیا کیونکہ انہوں نے منگل کے روز پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف مسلم لیگ (ن) کو اپنا وزیر اعظم منتخب کرانے میں مدد کرے گی اور کسی معاملے پر بھی قانون سازی میں ضروری مدد فراہم کرے گی۔

بلاول نے “PDM-2” حکومت کے کے خیال کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ کیا اتحادیوں کے معاملے پر باپ اور بیٹا ایک دوسرے سے جھگڑ رہے ہیں یا وہ اچھے پولیس والے اور برے پولیس والے کا کردار ادا کر رہے ہیں؟

پی پی پی کے ایک سینئر رہنما سے جب اس معاملے پر پوچھا گیا تو انہوں نے اس کی تردید کی اور بتایا کہ اس سب میں کوئی دلچسپ بات نہیں ہے اور معاملہ تھوڑا تکنیکی ہے۔

پی پی پی رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں اور اتحاد کے اعلان کے لئے ان کی پریس کانفرنس میں موجودگی کافی تھی۔