آصفہ بھٹو نے والدہ کی 70ویں سالگرہ پر بی بی کی یاد گار تصویر شیئرکر دی

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا عکس ان کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے والدہ کی 70ویں سالگرہ پر بی بی کی یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی میراث ہی ہمیں ایک بار پھر اندھیروں سے نکال سکتی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر آصفہ بھٹو زرداری نے فوٹو گرافر زاہد حسین کے کیمرے سے لی گئی یاد گار تصویر کو ری شیئر کردیا۔

شہید بی بی کی یہ تصویر فوٹو گرافر زاہد حسین نے ن لیگی رہنما سیف الرحمان کے احتساب سیل کیس میں پیشی کے بعد 1998 میں لی تھی، تصویر میں بی بی کے چہرے پر کسی قسم کا تناؤ یا بےچینی دکھائی نہیں دے رہی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ اسلام آباد میں اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کی خاطر شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو تاریکی سے نکالا تھا اور آج ان کی میراث ہی ہمیں ایک بار پھر اندھیروں سے نکال سکتی ہے‘۔

انہوں نے اس سیمینار کی چند تصاویر بھی ٹوئٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے بی بی کی 70ویں سالگرہ کا کیک کاٹا ہے۔