بابر اعظم کا 2019 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کےخلاف سنچری پر اظہار خیال

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 2019 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری سے متعلق دلچسپ باتیں کیں اور یہ بھی بتایا کہ کیویز کے خلاف اہم میچ ان کی گرفت میں کب آیا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات چیت کرتے بابر اعظم کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 2019 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کےخلاف سنچری پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔ ہم نے نیوزی لینڈ کو اچھے ٹوٹل میں پکڑ لیا تھا، بارش کے بعد اسپنرز کو مدد ملنی شروع ہوگئی تھی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد بیٹنگ تھوڑی مشکل ہوگئی تھی، حارث سہیل کے ساتھ پارٹنرشپ سے گیم چینج ہوا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ اسپنرز کو ٹیسٹ میچ کی طرح کھیلا جائے کیونکہ گیند سوئنگ ہو رہی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ اسپنرز کے خلاف سلو کھیلیں۔

انہوں نے میچ کی صورتحال سے متعلق کہا کہ جب دو وکٹیں گریں تو حارث سہیل بیٹنگ کرنے آئے اور وہ اسپنرز پر حاوی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فاسٹ بولرز کے خلاف اچھا کھیل رہا تھا، حارث سہیل کو بولا کہ مچل سینٹنر کو سوئپ مارنا چاہتا ہوں، سوئپ کی کوشش کی تو وہ اچھی لگی، جس کے بعد ہم نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کی۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے اس اہم میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

خیال رہے کہ ایونٹ میں سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم سیمی فائنل میں تو نہ پہنچ سکی مگر اس نے مسلسل چار فتوحات کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔