9 مئی کیس ،عمر ایوب اور اسد عمر کی ضمانت میں توسیع

انسدادِ دہشت گردی لاہور کی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان میں جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کی ضمانت میں توسیع کر دی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق رہنما پی ٹی آئی اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

سماعت کے دوران عمر ایوب اور اسد عمر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسد عمر بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

عمر ایوب کی جانب سے حاضری معافی سے متعلق دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمر ایوب کے اسلام آباد میں دیگر کیسز کی سماعت ہے۔

یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی لاہور کی عدالت میں عمر ایوب، اسد عمر، رائے حسن نواز اور دیگر نے عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

قصور میں جلاؤ گھیراؤ کے 4 مقدمات، ملزمان کی ضمانتیں منظور
دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی لاہور کی عدالت میں 9 مئی کو قصور میں جلاؤ گھیراؤ کے چار مقدمات پر بھی سماعت ہوئی۔

ایم پی اے سردار راشد، شاہد مسعود اور مقصود سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد عبوری ضمانتیں کنفرم کیں۔

ملزمان کے خلاف تھانہ کھڈیاں، کوٹ رادھاکشن اور قصور سٹی میں مقدمات درج ہیں۔