برطانوی حکومت کی پاکستان سفر کے حوالے سے نئی ہدایات

برطانوی حکومت نے پاکستان سفر کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری پشاور سمیت کے پی کے اکثر علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع کا سفر نہ کریں۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ان کے شہری چارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی، ڈیرا اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لوئر دیر کے اضلاع کے سفر سے بھی گریز کریں۔

برطانوی حکومت کے مطابق شہری پشاور شہر اور ضلع مردان رنگ روڈ کے شمال سے ضلع چترال کے کنارے تک N45 روڈ پر سفر نہ کریں، اسی طرح شہری صوبہ بلوچستان کے جنوبی ساحل کے علاوہ کسی علاقے میں نہ جائیں۔

برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو سیاسی مظاہروں سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کچھ سیاسی مظاہروں میں مغرب مخالف جذبات موجود ہیں۔

برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو شدید گرمی سے بھی خبردار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔