براڈ کی ریٹائرمنٹ: شاندار کریئر پر بابر، مصباح کی مبارکباد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کی ریٹائرمنٹ پر شاندار کریئر پر مبارکباد دی۔

بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’’ہیپی ریٹائرمنٹ براڈ‘‘ کا پیغام دیا۔

بابر اعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اسٹیورٹ براڈ آپ نے پُرجوش انداز سے کھیل کو اعزاز بخشا، آپ نے ہمیشہ کھیل میں بھرپور صلاحیت کے ساتھ سخت محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر میں 600 سے زائد وکٹیں حاصل کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے، کرکٹ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

دوسری جانب پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کو شاندار کریئر پر مبارکباد دی۔

مصباح الحق کا ایشیز سیریز سے متعلق کہنا تھا کہ آخری وکٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاندار ایشیز سیریز کے لیے انگلینڈ اور آسٹریلیا قابل ستائش ہیں۔