بشریٰ انصاری کو ڈرامہ انڈسٹری میں خدمات کے اعتراف میں اہم اعزاز سے نواز دیا گیا

برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے بشریٰ انصاری کو ڈرامہ انڈسٹری میں خدمات کے اعتراف میں اہم اعزاز سے نواز دیا گیا۔

لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے شاندار فنی خدمات اور سماجی کاموں میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ایوارڈ آف ریکگنیشن سے نوازا گیا ہے۔

بشریٰ انصاری یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ڈرامہ اداکارہ بن گئیں۔

برطانوی رکنِ پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے تقریب کی میزبانی کی، جس میں بشریٰ انصاری کی پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بے مثال خدمات کو سراہا گیا۔

اپنے خطاب میں بشریٰ انصاری نے پاکستانی ڈراموں کے عالمی اثرات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے ناصرف ملک کی ثقافت، روایتی لباس اور اردو زبان کو فروغ دیتے ہیں بلکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ ایوارڈ اپنے تمام ساتھی فنکاروں اور کہانی نویسوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اتنے باوقار مقام پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اس کا سہرا ان تمام فنکاروں کے سر باندھتی ہوں، جنہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لیے انتھک محنت کی۔

اس سے قبل برطانوی پارلیمنٹ میں ماہرہ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور فہد مصطفیٰ کو ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈز دیے جا چکے ہیں۔