کیمبرج اے لیول طلبا کی کوششیں رنگ لے آئیں، منسوخ پیپر دوبارہ لیے جائیں گے

کیمبرج اے لیول کے طلبہ کی کوششیں رنگ لے آئیں، 10، 11 اور 12 مئی کو منسوخ ہونے والے پرچے اکتوبر میں دوبارہ لیے جائیں گے۔

کنٹری ڈائریکٹر کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن، ڈائریکٹر برٹش کونسل، مختلف پرائیویٹ اسکولوں کے سربراہان سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس کے بعد یہ اعلان سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق دوبارہ لیے جانے والے پیپرز کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی، ایسے کیسز کی ری اسسمنٹ اور ری ایولیوشن کی جائے گی جن میں اسکولوں اور کیمبرج کے درمیان گریڈز میں بہت زیادہ فرق موجود ہے۔

ایسے کیسز اسکولز کی جانب سے کیمبرج کو بھیجے جائیں گے، اسسمنٹ اور ری ایولیوشن کے 80 فیصد اخراجات اسکول جبکہ 20 فیصد والدین کو برداشت کرنے پڑیں گے، اسسمنٹ اور ری ایولیوشن کے نتیجے میں اگر گریڈز تبدیل ہوئے تو پوری فیس واپس کر دی جائے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزارت تعلیم معروف جامعات کے وائس چانسلرز سے رابطے کرے گی تاکہ اسکولوں کے بچوں کو داخلے میں آسانی پیدا ہو، صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی رابطہ کرکے ایسے ہی اقدامات تجویز کیے جائیں گے، شکایات حل کرنے کے لیے ایک کمپلینٹ سیل بھی بنایا جا رہا ہے۔