مزید مہنگی بجلی برداشت نہیں کر سکتے، ملک میں فرنس آئل کی کھپت ختم ہو رہی ہے:مصدق ملک

وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مزید مہنگی بجلی برداشت نہیں کر سکتے، ملک میں فرنس آئل کی کھپت ختم ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ملکی تیل کی ضروریات کا تقریباً 50 فیصد مقامی ریفائنریز فراہم کرتی ہیں، ملک میں جدید ترین آئل ریفائنری لگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تین 4 لاکھ بیرل یومیہ کی ریفائنری لگانا چاہتے ہیں، پاکستان کی پیٹرول اور ڈیزل کی سالانہ ضرورت 20 سے 21 ملین ٹن ہے، 2032 تک ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی سالانہ کھپت 33 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان نے نئی گرین فیلڈ آئل ریفائننگ پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے انرجی سیکیورٹی ضروری ہے۔