نگراں وزیرِ خارجہ کی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت

نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیرِ خارجہ 18 اکتوبر کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم نے غزہ کے بحران پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا ہے، وزیرِ خارجہ غزہ کی سنگین انسانی صورتِ حال پر پاکستان کے تحفظات پیش کریں گے۔

وزیرِ خارجہ جنگ بندی اور غزہ کے عوام کو امداد کی فراہمی پر زور دیں گے، جلیل عباس جیلانی او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہونگے
دوسری جانب ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

واضح رہے کہ فلسطین معاملے پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 18 اکتوبر سے جدہ میں ہو گا۔