محکمہ شماریات سے کہا گیا ہے کہ 2023ء کی مردم شماری کے نتائج کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) سے رجوع کرے۔ اگر کونسل نے نتائج کی منظوری دیدی تو انتخابات میں تاخیر ہوگی۔
وزارتِ پلاننگ کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس رواں ہفتے منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ اجلاس 2؍ اگست کو ہوگا۔
مردم شماری کے کام سے وابستہ حکام نے وزارتِ پلاننگ کو بتایا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023ء مکمل ہو چکی ہے جبکہ نتائج کی تیاری بھی مکمل ہو چکی ہے اور اب سی سی آئی سے منظوری کا انتظار ہے۔
سی سی آئی سے منظوری کا مطلب یہ ہوگا کہ مردم شماری کے نتائج شایع کرائے جائیں گے۔ جیسے ہی مردم شماری کی منظوری دی جائے گی اور اس کے نتائج آئین کے مطابق شایع ہو جائیں گے، آئندہ عام انتخابات تازہ ترین شایع شدہ مردم شماری نتائج کی بنیاد پر ہوں گے۔
محکمہ شماریات نے حکومت کو بتایا ہے کہ مردم شماری کا پورا عمل مکمل ہو چکا ہے، اب یہ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرے۔ تاہم، سی سی آئی کے فیصلے کے آئندہ عام انتخابات کے وقت پر براہِ راست اثرات مرتب ہوں گے۔
اگر سی سی آئی نے نتائج کی منظوری دیدی اور ان کی اشاعت کی اجازت دیدی تو عام انتخابات کا انعقاد رواں سال اکتوبر یا نومبر میں ہونا ممکن نہ ہوگا۔