سائفر کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی

وفاقی وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ کیخلاف سائفر کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت ملتوی کردی جو آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں جیل ٹرائل کے حکم نامے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفرکیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کی۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری، چیئرمین پی ٹی ائی کی بہنیں جوڈیشل کمپلیکس پہنچیں۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی گئی اور دلائل دیئے گئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئےکہ وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا انتظار کریں، اگر نوٹیفکیشن نہ آیا تو میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردونگا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع ہو چکا ہے، کل سائفر کیس کی سماعت مقرر کی ہے، نوٹیفکیشن میں شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی تحریر کیا گیا ہے۔

عدالتی عملے نے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن وکلا کو پڑھ کر سنایا۔