امریکی فاسٹ فوڈ چین کے 100 سے زائد ملازمین کی جنسی زیادتی کی شکایات

برطانیہ میں برگر بنانے والی مشہور امریکی فاسٹ فوڈ چین کے 100 سے زائد ملازمین نے کام کے دوران جنسی زیادتی، ہراسانی اور نسل پرستی کے ماحول کی شکایت کی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان ملازمین میں کچھ 17 سال سے بھی کم عمر کے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نشریاتی ادارے نے کمپنی میں ملازمین کے ساتھ کام کرنے کے حالات سے متعلق تحقیقات کا آغاز اس وقت کیا تھا جب فوڈ چین کمپنی کی جانب سے ایکولٹی اینڈ ہیومن رائٹس کمیشن (ایچ آر سی) کے ساتھ قانونی معاہدے پر دستخط کیے تھے اور اپنے ملازمین کو جنسی طور پر ہراسانی سے بچانے کیلئے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

ملازمین کی جانب سے 100 سے زیادہ سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جن میں 31 جنسی زیادتی اور 78 الزامات ہراسانی سے متعلق ہیں۔

انسانی حقوق کے برطانوی ادارے نے رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فاسٹ فوڈ چین نے کام کے دوران اعلیٰ معیار برقرار نہ رکھنے کا اعتراف کیا۔

فاسٹ فوڈ چین نے کہا کہ وہ ’دل کی اتھاہ گہرائی سے معذرت‘ کرتے ہیں۔ جنسی زیادتی، ہراسانی اور نسل پرستی کے الزامات کی تحقیقات کروائیں گے۔

امریکی فاسٹ فوڈ چین نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سارے ملازمین ایک محفوظ، باعزت اور کام پر سب کیلئے مساوی مواقع کی جگہ پر ملازمت کرنے کے مستحق ہیں۔