توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے گئے۔

فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

فواد چوہدری کے وکیل مرزا آصف الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

وکیل آصف مرزا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں گزشتہ سماعت کا آرڈر ابھی موصول ہوا، آج حاضری سے استثنیٰ دے دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے اعلان کر دیا تھا کہ شوکاز ہو گا، فواد چوہدری کی ذاتی حیثیت میں پیشی تھی، کیا وہ آئے ہیں؟

وکیل آصف مرزا نے کہا کہ ہمیں کچھ وقت دے دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ قابل ضمانت وارنٹ کے بعد وقت ہی ہو گا۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری آتے ہی نہیں ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کوئی نرمی نہیں ہو گی، 6 جولائی کو فواد چوہدری کو پیش ہونا ہو گا۔