کپاس کی فصل صوبے اور کاشت کار کے لیے معاشی گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے:نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کپاس کی فصل صوبے اور کاشت کار کے لیے معاشی گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔

محسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں کپاس بوائی کےحوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اُنہوں نے اجلاس میں کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ کپاس بوائی کا ٹارگٹ بھی حاصل کرنا ہے اور فصل کی مکمل دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشت کاروں کو نقد انعامات دیے جائیں گے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں پانی کی چوری کے واقعات کی روک تھام کا بھی حکم دیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس کے کاشت کاروں کو پانی، بیج اور کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

محسن نقوی نےصوبے بھر میں جعلی ادویات اور بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500 روپے مقرر کی گئی ہے، کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنا ہمارا مشن ہے۔