کرسٹیانو رونالڈو کاایرانی شائقینِ فٹبال کی جانب سے پرجوش استقبال

عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا تہران میں ایرانی شائقینِ فٹبال کی جانب سے پرجوش استقبال کیا گیا۔

کرسٹیانو رونالڈو اپنی ٹیم کے ہمراہ ایران پہنچے تو سعودی کلب النصر کی جرسیوں میں ملبوس بہت بڑی تعداد میں مداح ان کا استقبال کرنے کے لیے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمع ہوئے۔

جیسے ہی ان کے پسندیدہ فٹبالر اپنی ٹیم کے ہمراہ بس میں ایئرپورٹ سے نکلے تو سب زور زور سے ان کا نام پکارنے لگے۔

تہران میونسپلٹی نے بھی شہر کو کرسیانو رونالڈو اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کرنے کے لیے بینرز سے سجایا جن پر فارسی، انگریزی اور عربی میں پیغامات آویزاں تھے۔

واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد سعودی کلب النصر کی ٹیم ایشین چیمپئنز لیگ میں ایران کے مشہور کلب پرسیپولیس کی ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے ایران پہنچی ہے۔

تہران اور ریاض کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد یہ پہلا میچ ہوگا۔

اس سے قبل سفارتی تعلقات کی خرابی وجہ سے 2016ءکے بعد سے دونوں ممالک کی ٹیموں نے صرف نیوٹرل گراؤنڈز پر ہی میچ کھیلے ہیں۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایرانی شائقینِ فٹبال جو کرسٹیانو رونالڈو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ایئرپورٹ پر اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوئے وہ انہیں ایکشن میں نہیں دیکھ پائیں گے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے فیصلے کے مطابق، سزا کے طور پر النصر اور پرسیپولیس کے درمیان یہ ایک ان ڈور میچ ہوگا کیونکہ 2020ء میں پرسیپولیس کی ٹیم کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کی گئی تھی جسے بھارتی کلب کے لیے نامناسب جارحانہ گیا تھا۔