درہ آدم خیل:بارش کا پانی گھر میں داخل ہوگیا ، ایک ہی خاندان کے11 افراد جاں بحق

ضلع کوہاٹ میں درہ آدم خیل کے علاقے پرانا بازی خیل میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہوگیا جہاں گھر کے تہہ خانے میں موجود ایک ہی خاندان کے11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پانی گھر کے تہہ خانے میں بھرا تو کمرے میں سوئے مرد، خواتین اور بچوں میں سے کسی کو باہر نکلنے کی مہلت نہ ملی۔

مرنے والوں میں 6 بچے، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں بارش کے سبب بجلی کے 245 فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔

ملک میں دو روز میں بارشوں سے اموات کی تعداد 23 ہوگئی ہے، تیز بارشوں کے باعث صوابی میں بھی صورتحال بگڑنے لگی ہے جہاں ندی نالے بپھر گئے ہیں اور پانی کئی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔