دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنے ہاں جَلد ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کر دی

بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ڈمپل گرل دیپیکا پڈوکون اور اُن کے شوہر، اداکار، پنجابی منڈا، رنویر سنگھ نے اپنے ہاں جَلد ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کر دی ہے۔

دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ شیئر کی ہے۔

اس پوسٹ میں دیپیکا اور رنویر سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال، ستمبر کے مہینے میں یہ جوڑی اپنے ہاں پہلی اولاد کو خوش آمدید کہنے والی ہے۔

اس پوسٹ میں دیپ ویر نے بچے کی صنف تو شیئر نہیں کی لیکن نیلا اور گلابی دونوں رنگ اس پوسٹ میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اس جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی آمد سے متعلق خبریں کئی دنوں سے زیرِ گردش تھیں جس کی اب خود دیپیکا اور رنویر نے تصدیق کر دی ہے۔

یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے چند سال ڈیٹنگ کرنے کے بعد شادی کی تھی۔

اس جوڑی کی شادی نومبر 2018ء میں اٹلی میں ایک نجی تقریب کے دوران ہوئی تھی۔

دوسری جانب حال ہی میں جب ایک انٹرویو کے دوران دیپیکا پڈوکون سے ان کے ماں بننے کے منصوبے سے متعلق پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا تھا کہ ’بالکل، میں اور رنویر بچوں سے پیار کرتے ہیں، ہم اس دن کے منتظر ہیں جس دن ہم اپنا خاندان بڑھائیں گے۔‘