یومِ دفاع : قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب

آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاقو و چوبند دستے، کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار نے مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھولوں کی چادر رکھی۔

یومِ دفاع کے موقع پر آج مزارِ قائد پر بری و بحری افواج کے نمائندے بھی حاضری دیں گے۔

اس موقع پر وہ مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھیں گے اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کریں گے۔

’شہدا کے شکر گزار ہیں‘
ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمے داریاں سنبھالنا ایئر فورس کے لیے اعزاز ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے کہا کہ دشمن کو پیغام ہے ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے دستوں نے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا، پاک فضائیہ 1965ء کے دوران قوم کی امیدوں پر پوری اتری، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو جدید ٹریننگ دی جا رہی ہے، پاکستان کا امن ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیری اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، پوری قوم شہداء کی بہادری کو قابل احترام سمجھتی ہے، شہداء کے شکر گزار ہیں۔