سائفر کیس پر آزاد غیر جانبدار کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں:سراج الحق

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سائفر کیس پر آزاد غیر جانبدار کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں سزا پر بے حد افسوس ہے۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت کھلی عدالت میں ہونی چاہیے تھی تاکہ عدل کے تقاضے پورے ہوتے۔

ان کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے حقائق پوری قوم کے سامنے آنے چاہئیں، ملکی معاملات میں امریکی مداخلت 76 برسوں سے جاری ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے مزید کہا کہ پہلی بار ہوا ہے کہ امریکی مداخلت ہمارے سرکاری حلقوں میں زیرِ بحث آئی، پی ٹی آئی کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیصلے آئین، قواعد و ضوابط کے مطابق ہونے چاہئیں، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔