عاطف اسلم کا شادی سے قبل اہلیہ سےکئی سال رشتہ خفیہ رکھنے سے متعلق انکشاف

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے شادی سے قبل اہلیہ سارا بھروانہ کے ساتھ کئی سال رشتہ خفیہ رکھنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے ماضی میں دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ میں اور سارا بھروانہ شادی سے قبل 6 سے 7 سال رومانوی رشتے میں رہے۔

عاطف اسلم نے بتایا کہ میں نے سارا بھروانہ کو 3 سے 5 بار مختلف تقریبات میں دیکھا، میں سارا کو مختلف لڑکیوں کے طور پر دیکھتا رہا، بعد میں معلوم ہوا کہ وہ سب لڑکیاں سارا بھروانہ ہی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارا سے جب پہلی بار بات ہوئی تو انہوں نے سب سے قبل یہ سوال پوچھا تھا کہ میری کوئی گرل فرینڈ تو نہیں۔

عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ ہم دونوں شادی سے قبل کئی سال تعلقات میں رہے، ایک دوسرے سے ملنا بہت مشکل ہوتا تھا، میں مصروف ہونے کے باوجود دن میں تین تین بار سارا سے ملتا تھا، کسی کو بھنک تک نہیں پڑنے دی کہ ہم تعلق میں ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ میرے مشہور ہونے کے سبب ہم ریستوران میں کھانا کھانے نہیں جا سکتے تھے، یہی وجہ تھی کہ ہم نے کئی بار گاڑی میں ہی بیٹھ کر کھانا کھایا۔

عاطف اسلم نے ماضی کی خوبصورت یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’حیرت انگیز وقت‘ تھا۔