سکولوں اور ریسٹورنٹس میں منشیات کی سپلائی کا انکشاف

کراچی کے سکولوں اور ریسٹورنٹس میں منشیات اور ممنوعہ ادویات کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے۔

آئی جی سندھ کو موصول ہونے والی خفیہ رپورٹ کے مطابق نوعمر لڑکوں، لڑکیوں اور طلبہ کو مصنوعی ادویات اور منشیات کی سپلائی کی جارہی ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سکولوں اور ریسٹورنٹس میں منشیات کی سپلائی کے خلاف سخت اقدامات لیتے ہوئے اسپیشل برانچ سندھ کو ایسے سکولوں اور ریسٹورنٹس کی فوری نگرانی کا حکم جاری کیا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ مصنوعی ادویات اور منشیات کی سپلائی کرنے والوں کی نشاندہی کرائیں، زونل ڈی آئی جیز اور اسپیشل برانچ ایسے عناصر کو ختم کرنے کے لیے کوآرڈینیشن کا میکنزم قائم کریں۔

آئی جی سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کیا ہے جس میں منشیات اور ممنوعہ ادویات سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔