ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل و فلسطین کی جنگ پر سیاست چمکانا شروع کر دی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل و فلسطین کی جنگ پر سیاست چمکانا شروع کر دی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر صدر منتخب ہوا تو غزہ کے پناہ گزینوں پر پابندی عائد اور حماس کے حمایتی پناہ گزینوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کروں گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست آئیووا میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں ایک بار پھر وائٹ ہاؤس تک رسائی حاصل ہوئی تو وہ اسرائیل کے مخالفین کی امریکا آمد پر پابندی عائد کر دیں گے اور ایسے تمام غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیں گے جو اسرائیل اور یہودیوں سے نفرت کرتے ہیں۔

انہوں نے انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی سے متاثرہ ممالک پر سفری پابندی عائد کرنے کا بھی عزم کیا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اپنے مطالبات کو کس طرح نافذ کریں گے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بھی اپنے صدارتی دور میں کئی ایسی پالیسیاں و پابندیاں عائد کی تھیں جنہیں بعد ازاں عدالتوں میں چیلنج کیا گیا اور صدر جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالتے ہی ان پابندیوں کو ختم کر دیا تھا۔