ڈاکٹر سویرا پرکاش نےشکست تسلیم کرتے ہوئے ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا

خیبر پختونخوا سے عام انتخابات میں حصہ لینے والی، ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سویرا پرکاش نے شکست تسلیم کرتے ہوئے انہیں ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر خود کو بونیر کی دختر قرار دینے والی سویرا پرکاش نے فارم 47 کی تصویر پوسٹ کی ہے۔

خیبر پختونخوا سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 25 کی جنرل نشست سے انتخابات میں حصہ لینے والی سویرا پرکاش نے 1754 ووٹ حاصل کئے۔

صوبائی جنرل نشست پر انتخابات میں حصہ لینے اور اقلیت سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پی کے25 بونیر1 کے تمام 143 پولنگ اسٹیشنز کے نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار ریاض خان 28 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) کے فضل غفور 12ہزار 702 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔