ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا لاہور سے گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے والے کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔

انٹیلی جنس اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور کے قریب ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کے بجائے موقع سے بھگا دی۔

گاڑی کے تعاقب کے دوران ملزم نے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا دی، کار سوار ملزم لاہور کے رہائشی فیاض حسین کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

تلاشی لینے پر گاڑی سے 10 کلو گرام ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا گیا، ایک کلو گرام ہیروئن کا ایک پیکٹ ڈرون کے ساتھ منسلک تھا، گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کیا اور گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے ملزم سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔