وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہےکہ معاشی پالیسیاں 10 سال سے قبل نتیجہ خیز نہیں ہوسکتیں، ہمارے لیے یہ موقع ہےکہ ہم اندورنی سیاسی استحکام لے آئیں۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 4 بڑے اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، سب بڑا قابل بھروسہ پارٹنر چین ہے، دوسرا بڑا پارٹنر یورپی یونین ہے، ہمارا تیسرا بڑا پارٹنر امریکا ہے، ہماری معیشت کا چوتھا بڑا پارٹنرگلف ممالک ہیں، مشرق وسطیٰ تیزی سے چین کی جانب جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کی صلح میں چین کا بڑا کردار ہے، یمن اور لبنان کشیدگی پر اس پیش رفت سے مثبت اثرات پڑیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 کے درمیان پاکستان نے حیران کن سفر کیا تھا، ایسی معیشت جہاں 16 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی تھی وہاں 9 ہزار میگاواٹ کے نئے منصوبے لگائےگئے، 2013 میں ہمیں سب سے خطرناک معیشت قرار دیا گیا تھا، یہاں سرمایہ کار آنے سےگھبراتے تھے لیکن چین نے 29 ارب کی سرمایہ کاری کی، ہمارے لیے یہ موقع ہےکہ ہم اندورنی سیاسی استحکام لے آئیں۔