الیکشن میں ایک دو ماہ کی توسیع ہوسکتی ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میرے حساب سے انتخابات نومبر میں ہوں گے، بہت زیادہ ہوا تو ایک دو ماہ کی توسیع ہو سکتی ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئین کے مطابق پاکستان میں انتخابات 90 دن کے اندر ہونے چاہئیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بعض تکنیکی بنیادوں پر الیکشن کمیشن چاہے تو ایک دو ماہ کی توسیع کر سکتا ہے۔

’اگر حلقہ بندیاں ہوئیں تو فروری مارچ میں الیکشن ہوں گے‘
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ اگر حلقہ بندیاں ہوئیں تو فروری کے تیسرے ہفتے یا مارچ کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میری رائے کے مطابق آئینی تقاضہ ہے کہ حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں، دسمبر تک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونا ہے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر 90 کے 120دن ہوئے ہیں، اس میں آئینی دلیل موجود ہے، آئین میں درج ہے کہ ایک مردم شماری پر دو الیکشن نہیں ہوں گے، آئین کہتا ہے کہ مردم شماری نوٹیفائی ہو جائے تو حلقہ بندیاں ضروری ہیں، حلقہ بندیاں آئینی ضروریات ہیں، اس مردم شماری پر بہت زیادہ اعتراضات تھے۔