ٹوئٹر دفاتر کی عارضی بندش اور ملازمین کے استعفوں پر ایلون مسک کا ردعمل

ٹوئٹر کی جانب سے کمپنی کے دفاتر کو عارضی طور پر بند کرنے اور سیکڑوں ملازمین کے استعفوں کے بعد سوشل میڈیا نیٹ ورک کے نئے مالک ایلون مسک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر ملازمین کو انتباہ کیا تھا کہ اگر وہ سخت محنت نہیں کرنا چاہتے تو کمپنی کو چھوڑ دیں۔

انہوں نے ملازمین کو کہا تھا کہ وہ 17 نومبر تک طویل دورانیے تک کام کرنے کے حوالے سے سائن اپ کریں یا کمپنی کو چھوڑ دیں، جس کے بعد سیکڑوں افراد مستعفی ہوگئے۔

ایلون مسک کی جانب سے اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بہترین افراد باقی رہ جائیں گے تو اس لیے ہم زیادہ فکرمند نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کے کچھ عہدیداران سے ملاقات کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ کتنے افراد نے کمپنی میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔