افغانستان میں زیر تعلیم میڈیکل طلبہ کا پاکستانی یونیورسٹیز میں ٹرانسفر کا جائزہ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن کاجمعہ کو اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔افغانستان میں زیر تعلیم میڈیکل طلبہ کا پاکستانی یونیورسٹیز میں ٹرانسفر کاجائزہ لیا گیا، چیئرمین نے قواعد وضوابط کے مطابق معاملات کو حل کرنے کی ہدایت کی، قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 6 دسمبر 2022 کو منعقد ہونے والے کمیٹی اجلاس میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے علاوہ پاکستان نرسنگ کونسل ایکٹ 1973 کی مبینہ خلاف ورزی، پی این سی ملازمین کی جانب سے قائم کردہ بوگس اداروں کے ذریعے نرسنگ کے ہزاروں طلباء کے مستقبل کی تباہی، بدعنوانی اور غیر قانونی تقرریوں سے متعلق پبلک پٹیشن، ڈاکٹر سلمان قاضی کی عوامی عرضداشت کے علاوہ پاکستان میڈیکل کمیشن کی طرف سے میڈیکل کے طالبعلموں کے 350 وظائف کی معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان میں میڈیکل طلبہ کی تعلیم پر پابندی اور پاکستانی طلبہ کی پاکستانی یونیورسٹیز میں ٹرانسفر کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ متعلقہ محکمے کے پاس کسی طالبعلم نے اپروچ نہیں کیا تاہم کمیٹی میں جو معاملہ اٹھایا گیا ہے متعلقہ محکموں سے مل کر اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اُن بچوں کا دسمبر میں امتحان ہونا تھا اُن کا ایک سال ضائع ہو گیا ہے۔ جس پر چیئرمین قواعد وضوابط کے مطابق ہی معاملات کو حل کرنے کی ہدایت کر دی۔