پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
آج بھی سانحۂ آرمی پبلک سکول یاد کر کے آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں: نگراں وزیرِ اعظم
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحۂ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشک بار ہو جاتی ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر قوم کا حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے نے اس قوم کا عزم مضبوط تر کیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پرنسپل شہید طاہرہ قاضی، نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹی رہیں اور جامِ شہادت نوش کیا، آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں، پاکستانی قوم دہشت گردی کی جنگ جیت چکی ہے، قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل دہشت گرد کبھی ہرا نہیں سکتے، پوری قوم کو اپنے ان عظیم شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں غم زدہ ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے، پاکستانی قوم متحد ہے۔