پی ٹی آئی حکومت میں سب کچھ فار سیل ہے:فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں سب کچھ فار سیل ہے۔

پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں ٹرانسفر پوسٹنگ فار سیل ہے، کلاس فور سے لے کر تمام نوکریوں کی بولیاں لگائی جاتی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی حکومت نے 20 ہزار ملازمین فارغ کیے تاکہ ان پوسٹوں کی بولیاں لگائی جائیں، یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی نشستوں کی بولیاں لگائی جائیں گی، وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لیے سرچ کمیٹی نہیں بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن بھی گھر آ جائے تو اس کے ساتھ احترام سے پیش آتا ہوں، وزیراعلیٰ کے ساتھ کچھ لمحے مشکل سے گزار لیتا ہوں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوتی ہے، ملاقات میں ہنسنا ہی پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاضی انور ہو یا کسی اور کا بیٹا یا بیٹی، میرٹ پر آتے ہیں تو ٹھیک ہے، کسی اور کا حق نہیں مارنا چاہیے، وہ کسی کمیٹی کا رکن کیوں نہ ہو۔