فیض حمید ذمے دار عہدے پر بیٹھ کر مخصوص سیاسی جماعت کو اوپر لا رہے تھے:سیکیورٹی حکام

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید ذمے دار عہدے پر بیٹھ کر مخصوص سیاسی جماعت کو اوپر لا رہے تھے۔

حکام نے کہا کہ فیض حمید پر الزام ہے کہ سیاسی ایماء پر کام کر رہے تھے، ان کا کورٹ مارشل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج آئین کی وفادار ہوتی ہے، کوئی سیاسی سوچ نہیں ہوتی، ہٹلر بھی جرمنی کی فوج کو سیاسی سوچ کے تحت چلا رہا تھا اور مخالفین کے خلاف کارروائی کی، پاکستانی فوج کے ساتھ بھی ایسا ہی کرنے کی واردات کی گئی۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فوج کا حکومت میں برسر اقتدار سیاسی جماعت سے غیر سیاسی تعلق ہوتا ہے۔