فیض آباد دھرنا نظرِ ثانی کیس ،وفاق کی متفرق درخواست منظور

سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیض آباد دھرنا نظرِ ثانی کیس میں وفاق کی متفرق درخواست منظور کر لی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ انکوائری کمیشن کوآخری تاریخ کب کی دی گئی ہے؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کو 14 فروری تک توسیع دی گئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ بس پھر کیس کی سماعت 14 فروری کے بعد ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے فیض آباد دھرنا فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عمل درآمد رپورٹ کو بھی آئندہ سماعت پر دیکھا جائے گا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس نے دسمبر 2023ء کے حکم پر عمل کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سر بمہر رپورٹ عدالت میں داخل کی ہے، عدالت رپورٹ کا جائزہ آئندہ سماعت پر لے گی، اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن ابھی کام کر رہا ہے، انکوائری کمیشن کو 2 ماہ دیے تھے، حکومت نے 14 فروری تک مزید وقت دیا، مقدمے کی سماعت 14 فروری کے بعد کے ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

اس کے ساتھ ہی عدالتِ عظمیٰ نے فیض آباد دھرنا نظرِ ثانی کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔