فرحان سعید اور عروہ حسین کا پہلی بار اپنی علیحدگی سے متعلق اظہارِ خیال

پاکستانی معروف جوڑی فرحان سعید اور عروہ حسین نے پہلی بار اپنی علیحدگی سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔

فرحان سعید اور عروہ حسین کا شمار پاکستان کے سب سے پسندیدہ سیلیبرٹیز جوڑی میں ہوتا ہے، ان کی محبت بھری کہانی سے لے کر شادی اور پھر والدین بننے تک انہیں ہمیشہ اپنے مداحوں سے بے پناہ محبت اور دعائیں ملی ہیں۔

دونوں فنکاروں کی ازدواجی زندگی میں ایک مشکل دور بھی آیا تھا جب دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا تھا، پھر والدین کی مدد اور مداخلت سے ایک دوسرے کو دل سے معاف کر کے دونوں نے دوبارہ صلح کر لی، دونوں کے والدین نے انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ایک انٹرویو میں فرحان اور عروہ نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات کی۔

جوڑے نے بتایا کہ دوبارہ تعلق قائم کرنے میں سب سے اہم چیز ایک دوسرے کی عزت تھی۔

فرحان سعید نے کہا کہ ہمارے درمیان مسائل ہونے کے باوجود ہم نے کبھی عوامی سطح پر ایک دوسرے کی برائی نہیں کی، ایک دوسرے کے خاندانوں کی عزت کی اور اپنے تعلق کی اہمیت کو سمجھا، یہی وجہ تھی کہ ہم دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آ سکے۔

گلوکار فرحان سعید نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی شریکِ حیات کے پیٹھ پیچھے اس کی بات کرنا مناسب نہیں ہوتا اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔

معروف جوڑی نے عوام کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے شریکِ حیات کی عزت اور احترام سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔