وفاقی کابینہ کا اجلاس، بجلی بلوں کی مد میں عوام کو ریلیف نہ مل سکا

معاشی صورتِ حال پر نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کی زیرِ صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی بلوں کی مد میں عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی یا اس کی اجازت سے ریلیف مل سکتا ہے۔

اجلاس میں ملک کی معاشی صورتِ حال، بجلی کے بلوں پر عوامی احتجاج اور پاور ڈویژن کے فارمولے پر غور کیا گیا۔

وزارت توانائی نے عوام کو ریلیف کے لیے تیار کردہ تجاویز اجلاس میں پیش کیں۔

اجلاس میں اسلام آباد ایئر پورٹ کو آؤٹ سورس کرنے سے متعلق ایوی ایشن ڈویژن بریفنگ دی گئی۔

واپڈا اور بجلی کمپنیوں کے ملازمین کو دیے جانے والے مفت بجلی یونٹس پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔