خاتون باڈی بلڈر 20 سال کی عمر میں اچانک موت کے منہ میں چلی گئیں

امریکی خاتون باڈی بلڈر 20 سال کی عمر میں اچانک موت کے منہ میں چلی گئیں، کوچ نے ان کا انتہائی خطرناک سپلیمنٹس اور دواؤں کا استعمال سنگین غلطی قرار دے دیا۔

امریکا میں 20 سالہ جودی وینس Jodi Vance کی دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک موت ہو گئی۔

ایک اسپورٹس فیسٹیول میں شرکت کے دوران ان کی طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر انیہں مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق جودی کی موت شدید ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) کی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی، انہوں نے انسٹاگرام پر لوگوں کو اپنی صحت کو اولین ترجیح دینے کی تاکید کی ہے۔

جودی کے ٹرینر جسٹن میہالی Justin Mihaly نے ایک ویڈیو میں ان کی موت کی مزید تفصیلات بیان کی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جودی نے کچھ انتہائی خطرناک سپلیمنٹس اور دوائیں استعمال کی تھیں، جو ان کے علم میں نہیں تھیں۔

ٹرینر نے کہا کہ یہ سب انہوں نے میری اور اپنے خاندان کی اجازت کے بغیر کیا، جودی کی صحت پہلے ہی خطرناک حد تک متاثر ہو چکی تھی اور کئی قریبی لوگوں نے انہیں ورک آؤٹ اور سپلیمنٹس کے استعمال میں احتیاط برتنے کی تاکید کی تھی۔

جودی وینس نے 2024ء کے این پی سی بیٹل آف ٹیکساس میں ویمنز فزیک کیٹیگری میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

وہ انسٹاگرام پر اپنی باڈی بلڈنگ کی تصاویر، موٹیویشنل تھوٹس اور فٹنس سے متعلق پوسٹس شیئر کرتی تھیں، ان کے 8,000 سے زائد فالوورز تھے۔