ایف آئی اے نے کارروائی کر کے غیر ملکی کو بازیاب کرا لیا

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کر کے غیر ملکی کو بازیاب کرا لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں کارروائی میں 4 خواتین اور 3 بچوں کو بازیاب کرا لیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرین کا تعلق آذربائیجان سے ہے، ملازمت کا جھانسہ دے کر لایا گیا تھا، ملزمان متاثرہ خواتین کا جنسی استحصال کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ خواتین وزٹ ویزے پر پاکستان آئی تھیں، ویزا کی معیاد ختم ہو چکی تھی، متاثرہ خواتین اور بچوں کو اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 کے فلیٹس سے بازیاب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اسلام آباد نے 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔