پہلی بار نجی سکولوں کی سکول شماری پر رپورٹ شائع

وزیر تعلیم سید سردار شاہ کی خصوصی ہدایت پر سندھ میں پہلی بار نجی سکولوں کی اسکول شماری کا عمل مکمل کرکے شائع کر دیا گیا۔

رپورٹ ڈائریکٹریٹ آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے فراہم کیا گیا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے جبکہ ریفارم سپورٹ یونٹ کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں کُل 12 ہزار 809 نجی سکول قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 11 ہزار 736 سکول فعال جبکہ 1 ہزار 73 اسکول بند ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فعال سکولوں میں سے 10 ہزار282 سکول محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ ہیں اور 591 غیر رجسٹرڈ جبکہ 863 کی رجسٹریشن کا عمل ابھی جاری ہے۔

نجی سکولوں کی شماری کے حوالے سے شائع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 ہزار 126 سکول کرائے کی عمارتوں میں جبکہ 2 ہزار 963 ذاتی عمارتوں میں قائم ہیں جبکہ صرف 131 سکولوں کو سرکاری عمارت الاٹ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں فعال سکولوں میں سے لڑکوں کے 174 ، لڑکیوں کے175 اور 11 ہزار387 مشترکہ سکول موجود ہیں، جن میں سے 1 ہزار274 پرائمری، 553 مڈل، 2 ہزار 784 ایلیمنٹری، 6 ہزار 546 سیکنڈری اور 606 ہائر سیکنڈری اور او / اے لیول سکولز موجود ہیں۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فعال سکولوں میں سے 11 ہزار 231 صرف سکول ہیں جبکہ 474 سکول و مدارس اور 32 مدارس بھی شامل ہیں۔