نیب کمیٹی تشکیل؛ کیسز اپنے پاس رکھنے یا منتقل کرنے کا فیصلہ کریگی

کراچی: نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد نیب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ کون سے کیسز نیب کے پاس رہیں گے کون سے دوسرے اداروں کو منتقل ہوں گے؟ نیب نے ریویو کمیٹی تشکیل دے دی،

سندھ ہائیکورٹ نے چار ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کرپشن اور اختیارات کے ناجائزہ استعمال کا ریفرنس منتقل کرنے کی ملزم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیب قمر عباسی نے سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ نیب نے ریویو کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیب قمر عباسی نے بتایا کہ ریویو کمیٹی ملک بھر نیب بیوروز میں جاکر کیسز کا جائزہ لے رہی ہے۔ بیشتر کیسز احتساب عدالتوں نے بھی واپس نیب کو ارسال کیئے ہیں۔ احتساب عدالتوں سے نیب کو واپس بھیجے گئے کیسز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ریفرنسز اور انکوائریوں کا ریویو کمیٹی کے جائزہ لینے کے بعد متعلقہ اداروں کو بھیجے جائیں گے۔

ریویو کمیٹی میں ملک بھر میں ہزاروں کیسز کا جائزہ لے رہی ہے، جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے 4 ہفتوں میں نیب سے رپورٹ طلب کرلی۔

این آئی سی وی ڈی کرپشن ریفرنس ملزم محمد جنید خان نے احتساب عدالت سے منتقل کرنے کی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ احتساب عدالت نے ملزم کی درخواست مسترد کردی تھی۔